بنگلورو،24؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی میں داخلی بغاوت آج اس وقت کھل کر سامنے آگئی جب بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے عہدۂ وزیر اعلیٰ کے دعویدار بی ایس یڈیورپا کو یکسر نظر انداز کردیا گیا اور میسور کے ورونا اسمبلی حلقے سے ان کے فرزند بی وائی وجیندرا کو میدان سے ہٹانے کے ساتھ یڈیورپا کے علاوہ کسی بھی رکن پارلیمان کو اسمبلی ٹکٹ نہ دینے کے اعلان سے انحراف کرتے ہوئے بلاری کے رکن پارلیمان بی سری راملو کو دو دو اسمبلی حلقوں سے مقابلے کی اجازت دے دی ۔
چترادرگہ کے مولکالمرو حلقے سے میدان میں اترنے والے سری راملو نے آج باگلکوٹ ضلع کے بادامی حلقے میں وزیراعلیٰ سدرامیا کے خلاف بھی بی جے پی امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کردی۔ یڈیورپا کے خیمے کی طرف سے یہ کوشش کی گئی تھی کہ ایک طرف وجیندرا کو ورونا اسمبلی حلقے سے امیدوار بنایا جائے تو دوسری طرف یڈیورپا کی دست راست رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کو شہر کے یشونت پور حلقے سے ٹکٹ دیا جائے۔
بتایاجاتاہے کہ ریاست کے دیگر بی جے پی لیڈروں کے علاوہ خود بی جے پی قومی صدر امت شاہ ریاست میں بی جے پی امور پر یڈیورپااور ان کے خاندان کے غلبے سے سخت ناراض ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کل اچانک ورونا اسمبلی حلقے سے بی وائی وجیندرا کو مقابلہ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی اور ناراضی کے عالم میں یڈیورپا نے خود ورونا حلقے سے وجیندرا کے ہٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ پارٹی اس حلقے سے ایک عام کارکن کو میدان میں اتارے گی۔
اس کے بعد سے ہی ریاستی بی جے پی میں انتشار نے شدت اختیار کرلی۔ بتایا جاتاہے کہ اعلیٰ کمان کے اس فیصلے کے بعد یڈیورپا کے بڑے فرزند اور شکاری پورکے رکن اسمبلی بی وائی راگھویندرا کی ایماء پر ہی کل ننجنگڈھ میں ورونا حلقے کے پارٹی کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی اور توڑ پھوڑ مچائی ۔ پارٹی اعلیٰ کمان نے اس حرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہنگامہ کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے جو یڈیورپا پر گراں گزرا ہے۔
آج یڈیورپانے ریاستی اسمبلی میں پارٹی کے امکانات کے متعلق تمام سوالات کو یکسر نظر انداز کردیااور دبے الفاظ میں یہ تاثر دیا کہ پارٹی کا ایک گروپ سیاسی طور پر انہیں کمزور کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے، البتہ انہوں نے کھل کر اتنا ضرور کہاکہ انہیں سیاسی طور پر کمزور کرنے میں جو لوگ لگے ہوئے ہیں ،آنے والے دنوں میں اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ یڈیورپا کے یہ تیور اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ ریاستی بی جے پی بہت گہرے انتشار کا شکار ہوچکی ہے، اس دوران ریاستی بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے بھی آج بی جے پی میں انتشار کا واضح اشارہ دیتے ہوئے کہاکہ بہت جلد یڈیورپا کو منالیا جائے گا۔